’’ دین کی ضروری باتیں‘‘(والدین اپنے بچوں کو پڑھائیں)

پیارے بچّو اور اچھی بچّیو!

سبق 01

اللہ پاک ہمارا ربّ ہے

اللہ پاک فرماتا ہے:

(ترجمہTranslation:)بیشک جنہوں نے کہا ہمارا رب اللہ ہے پھر اس پر ثابت قدم رہے(یعنی مسلمان ہی رہے) تو نہ ان پر خوف ہے اورنہ وہ غمگین(یعنی اُداس) ہوں گے۔وہ جنت والے ہیں ، ہمیشہ اس میں رہیں گے ، انہیں ان کے اعمال کابدلہ دیا جائے گا۔(ترجمۂ کنز العرفان) (پ۲۶، الاحقاف : ۱۳-۱۴)

پیارے بچّو اور اچھی بچّیو!

اللہ پاک ایک ہے اللہ پاک کے علاوہ کسی کی عبادت نہیں ہو سکتی اللہ پاک نہ کسی کا باپ اور نہ ہی کسی کا بیٹا اللہ پاک سب کی زندگی کا مالک ہے اللہ پاک جسے جب چاہے زندہ کردے اور جب چاہے موت دے دے اللہ پاک بڑی طاقت اور قدرت والا ہے اللہ پاک قریب ہے اللہ پاک ہر کسی کی آواز کو سن لیتا ہے، بالکل ہلکی سے ہلکی آواز کو بھی سنتا ہے اللہ پاک چیونٹی کے چلنے اور مچھر کے پروں(wings) کی آواز بھی سنتا ہے اللہ پاک سےکوئی بھی چیز چھپی ہوئی نہیں، چاہےوہ چیز چھوٹی ہو یا بڑی، دور ہو یا قریب، اندھیرے میں ہویا روشنی میں اللہ پاک ہر بات جانتا ہے، جو کچھ ہورہا ہے یا جو کچھ ہوچکاہے یا جو کچھ ہونے والا ہے سب اللہ پاک کے علم میں ہے اللہ پاک سے کوئی ذرّہ (particle)بھی چُھپا ہوا نہیں ہےیعنی وہ سب کو دیکھتا اور جانتا ہے اللہ پاک جو چاہے کرے اللہ پاک ہی ساری دنیا کو پیدا کرنے والا ہے اللہ پاک ہی ساری دنیا کو پالنے والا ہے ہم اپنی عقل سے اللہ پاک کو نہیں جان سکتے ہماری عقل بہت چھوٹی ہے اور اللہ پاک کی شان بہت بہت بہت بڑی ہے لَا ٓاِلٰـہَ اِلَّا اللہُ (اللہ کے علاوہ کوئی ایسا نہیں کہ جس کی عبادت کی جائے)۔

جواب دیجئے:

س۱) ہر چیز دیکھنے اور ہر آواز سننے والا ، کون ہے؟

س۲) ساری دنیا کو پالنے والا کون ہے؟



پیارے بچّو اور اچھی بچّیو!

سبق 02

حضرت محمد صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اللہ پاک کے آخری رسول ہیں

اللہ پاک فرماتا ہے:

(ترجمہTranslation:) محمد اللہ کے رسول ہیں ( صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ )۔(ترجمۂ کنز العرفان) (پ۲۶، الفتح : ۲۹)

اللہ پاک فرماتا ہے:

(ترجمہTranslation:) اور سب نبیوں کے آخر میں تشریف لانے والے ہیں۔(ترجمۂ کنز العرفان) (پ۲۲، الحزاب : ۴۰)

پیارے بچّو اور اچھی بچّیو!

اللہ پاک نے لوگوں کو سیدھے اور نیک رستے پر لانےکے لیے کچھ بہترین انسانوں کو بھیجا ۔ جن کو نبی یا رسول کہتے ہیں نبی گناہوں سے پاک ہوتے ہیں اللہ پاک کے پیارے رسول محمد صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ ہمارے پیارے پیارے نبی ہیں اور ہم ان کے اُمتی (nation)ہیں آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ تمام انسانوں، جِنّات بلکہ سب کے نبی ہیں اللہ پاک نے آپ پر قرآنِ کریم نازِل فرمایا (یعنی اُتارا) اللہ پاک نے آپ کو دین کا علم دیا اور اللہ پاک نے آپ کو غیب یعنی چھپی ہوئی باتوں کا علم بھی دیا آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ اللہ پاک کے سب نبیوں کے سردار ہیں آپ ساری دنیا کے لئے رَحمت ہیں اور مسلمانوں پر تو بہت ہی زیادہ مہربان(very kind) ہیں آپ اللہ پاک کے آخری نبی ہیںآپ کی زندگی میں کوئی اور نبی نہیں آیا اور آپ کے بعد بھی قیامت تک کوئی نیا نبی نہیں آئے گاآپ کی محبّت ، مسلمان ہونےکے لیے ضروری ہے آپ کا حکم ماننا،اللہ پاک کا حکم ماننا ہے کیونکہ اللہ پاک نے ہمیں حُکم دیا کہ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ کی ہر بات مانیں آپ کے دنیا سے جانے کے بعد بھی آپ کا ادب(respect) ویسے ہی ہے جیسے آپ کی زندگی میں ضروری تھا لَا ٓاِلٰـہَ اِلَّا اللہُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللہِ (اللہ کے علاوہ کوئی ایسا نہیں جس کی عبادت کی جائے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں)

جواب دیجئے:

س۱) اللہ پاک کے آخری نبی کون ہیں؟

س۲) تمام نبییوں کے سردار کون ہیں؟